سوال: کیا امام کے بالکل پیچھے جماعت میں وہی مصلی پر کھڑا ہو سکتا ہے جو داڑھی رکھے ہوئے ہو؟۔
خالد نے دوسرے ایسے مصلی کو جو داڑھی منڈاتا ہے اور امام کے بالکل پیچھے کھڑا تھا اسے یہ کہ کر ہٹا دیا کہ امام کے پیچھے وہی کھڑا ہو سکتا ہے جو داڑھی والا ہو اس سے انکار نہیں کہ داڑھی رکھنا واجب اور ضروری ہے نہ رکھنے والا گنہگار ہے مگر اس وقت سوال یہ ہے کہ خالد کا یہ فعل از روئے شرع درست ہے یا نہیں۔ فقط
المستفتی : سلطان احمد سید راجا ضلع بنارس ١۸ رو نمبر ۱۹۸۶ء
بسم الله الرحمن الرحیم
الجواب
ان سوالات سے ہم کو یہ سمجھ میں آرہا ہے کہ سائل کی نیت ان پر عمل کرنے کی نہیں ، صرف دوسروں پر الزام دینے کی ہے، اگر واقعہ ایسا ہے تو بہت برا۔ خالد نے داڑھی منڈے کو جو ٹھیک امام کے پیچھے سے ہٹایا اسکی صحیح غرض ہو سکتی ہے کہ یہ داڑھی منڈا اس لائق تو ہے نہیں کہ امامت کرے اگر امام کو نماز میں حدث لاحق ہو گیا تو یہ اس کی قائم مقامی نہیں کر سکتا اور امامت نہیں کر سکتا اس لیے امام کے پیچھے وہی آدمی کھڑا ہو جو اس کا اہل ہو تو خالد نے کیا غلط کیا۔
حدیث شریف میں ہے : لیلینی منکم اولو الاحلام والنهي (المستدرك: ۸/۲)
میرے قریب وہی لوگ کھڑے ہوں جو اہل علم و تقوی ہوں۔ واللہ تعالیٰ اعلم
المجیب: عبد المنان اعظمی شمس العلوم گھوسی اعظم گڑھ ١٥ جنوری ۱۹۸۷ء
[فتاویٰ بحر العلوم، جلد چہارم، صفحہ ١٣١]